قومی اسمبلی کے 70 اور سینیٹ کے 12 ارکان کی رکنیت معطل


اسلام آباد: اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 70 اور سینیٹ کے 12 ارکان کی رکنیت معطل کردی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے 318 ارکان کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، وزیر مملکت زرتاج گل، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی بھی رکنیت معطل کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پرپنجاب اسمبلی کے 115، خیبرپختونخوا کے 60، سندھ اسمبلی کے 40 اور بلوچستان اسمبلی کے 21 ارکان کی رکنیت معطل کی ہے۔

تاحال حلف نہ اٹھانے پر رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار علی خان کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے تک پارلیمنٹرینز کی رکنیت معطل رہے گی اور معطل شدہ پارلیمنٹرینز اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریز کو آگاہ کر دیا۔

 


متعلقہ خبریں