وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، فواد چوہدری

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وزرائے اعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل 140-اے کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے وفاق فنڈز کو صوبوں میں تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائی سطح پر بھی اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی کور کمیٹی اجالس میں بھی فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب اچھی کارکردگی نہیں دکھا پارہی جس کے باعث پوری جماعت کو دباؤ کا سامنا ہے۔

انہوں نے انشکاف کیا کہ پنجاب کا 350 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ہے تاہم صرف 77 ارب جاری کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں