صوبوں کی کارکردگی پر فواد چوہدری کا وزیراعظم کو خط

مشن سندھ سے پہلے وزیراعظم اور فواد چوہدری کی اہم ملاقات | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان سے اہم معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل کردی۔

فواد چوہدری نے خط میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ہر صوبہ آرٹیکل 140 اے کے تحت لوکل گورنمنٹ سسٹم کے انتظامی اور مالی ذمہ داریاں مقامی حکومتوں کومنتقل کرنے کا پابند ہے لیکن صوبے مسلسل آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور اضلاع کی سطح پر فنڈز کی منتقلی نہیں کی جارہی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ نہیں دیا، انہوں نے آرٹیکل 140 کی بھر پور خلاف ورزی کی لیکن بدقسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت نے بھی صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے خط میں لکھا کہ آرٹیکل 140 اے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث اضلاع کو ان کا صحیح حصہ نہیں مل رہا جس وجہ سے ضلعی سطح پر مسائل بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان صاحب آپ ہمیشہ سے مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم پر زور دیتے رہے ہیں لیکن یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کا اجرا نہیں ہوگا۔

فواد چوہدری نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں اور صوبوں بالخصوص پنجاب کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجراء کا حکم دیں۔


متعلقہ خبریں