ای کامرس پالیسی پر وزیراعظم کو بریفنگ

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری

اسلام آباد: کامرس ڈویژن  کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم عمران خان کو  نئی ای کامرس پالیسی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دے دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کامرس ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ سی کامرس پالیسی ملک میں نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ اس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ای کامرس پالیسی سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی۔ خواتین کو بااختیار بنانے اور ملکی برآمدات کے اضافے میں مدد ملے گی۔ یہ پالیسی کاروباری برادری اور نوجوانوں کے لئے ترقی کے بے شمار مواقع فراہم کرے گی۔

کامرس ڈویژن حکام کے مطابق  منظور شدہ ای کامرس پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلاً مشاورت کی جا چکی ہے۔ ای کامرس پالیسی پر عمل درآمد کے لیے جامع اور مفصل لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے۔ ای کامرس ایکسپورٹ پلیٹ فارم کی تشکیل پر کام جاری ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انٹرنیشنل پے منٹ گیٹ وے کی تشکیل کے ساتھ مرچنٹ پے منٹ گیٹ وے پر بھی کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے کامرس ڈویژن کے حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان پوسٹ کے نظام میں اندرون و بیرون ملک مصنوعات کی ترسیل کے لیے ٹریکنگ سسٹم فراہم کیا جائے۔ بین الاقوامی معیار کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کے وسیع و جامع نیٹ ورک کو ای کامرس کے فروغ کے لیے برؤے کار لایا جائے۔ ای کامرس ملکی معیشت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت نے ای کامرس پالیسی متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کوآسانیاں فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کامرس ڈویژن کے حکام کو ہدایت کی کہ کیش آن ڈیلیوری اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پر ٹیکسز میں رعایت کے لیے تجاویز پر غور کیا جائے۔


متعلقہ خبریں