فنڈز کا عدم استعمال، وزیراعظم کا ضلع ترقی میں سب سے پیچھے


لاہور: مالی سال 20 -2019 میں پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص کی رقم میں سے چھ ماہ گزرنے کے بعد اس کا نصف بھی استعمال نہیں ہوسکا ہے اور وزیراعظم عمران خان کے ضلع میانوالی میں سب سے کم فنڈز عوامی فلاح کے لیے استعمال کیے گئے۔

ہم نیوز کو ملنے والی معلومات کے مطابق پنجاب میں عمران خان کا ضلع ترقی میں سب سے پیچھے ہے۔ میانوالی کے لیے چار ارب کے فنڈز کا اجراء ہوا لیکن صرف 10 فیصد فنڈز استعمال ہوئے۔

ہم نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق ضلع لودھراں کے لیے 70 کروڑ روپے فنڈز کا اجراء کیا گیا لیکن صرف 13 فیصد فنڈز استعمال ہوسکے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوھدری کے ضلع جہلم کے لیے ساڑھے تین ارب روپے کے پیکج لیکن ضلع میں صرف 15 فیصد فنڈز استعمال ہوئے۔ ضلع جہلم ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے حوالے سے ناقص کارگردگی میں 30 ویں نمبر پر ہے۔

دستاویز کے مطابق عثمان بزدا حکومت نے لاہور کی تیز رفتار کارگردگی کو بھی سست بنا دیا۔ لاہور چار ارب روپے کے استعمال کیساتھ ناقص کارگردگی والے اضلاع میں پانچویں نمبر پر ہے۔

دستاویز کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے ضلع ڈیرہ غازی خان کے لیے اب تک 6 ارب روپے کا اجرا کیا ہے۔ مالی سال 20 -2019 میں ضلع ڈیرہ غازی خان کی فنڈز کے استعمال کے حوالے سے کارکردگی اب تک 41 فیصد رہی ہے۔

اسی طرح ضلع گجرات کے لیے 1 ارب روپے کے فنڈز کا اجراء کیا گیا لیکن اب تک صرف 27 فیصد فنڈز ہی خرچ ہوئے۔

مالی سال 20 -2019 کے بجٹ میں ضلع چکوال میں اب تک 15 فیصد فنڈز استعمال ہوئے، ضلع راولپنڈی میں 14 فیصد اور ضلع  پاکپتن میں 10 فیصد فنڈز استعمال ہوسکے ہیں۔

دستاویز کے مطابق ضلع ملتان میں اب تک 18 فیصد فنڈز استعمال ہوئے جبکہ ضلع رحیم یار خان میں 17 فیصد فنڈز کا استعمال کیا گیا۔

صوبائی محکمہ خزانہ کے حکام کے مطابق اب تک پورے پنجاب میں 177 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے جاچکے ہیں۔  پنجاب بھر میں نصف مالی سال گزرنے کے باوجود ابھی تک 85 ارب روپے ہی خرچ ہو سکے ہیں۔

خیال رہے کہ مالی سال 20 -2019 کے بجٹ میں  پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 350 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں