’ایم کیو ایم ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی’

’وزیراعظم نے فیصل واوڈا کو سزا دے دی ہے‘


کراچی: وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ہمارے ساتھ ہے اور ہم ہمیشہ ہی ساتھ رہیں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے خوش آمدید کہنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کوئی کسی کو چھوڑ کر نہیں جا رہا تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہی ہیں اور ہم 5 سال پورے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تھوڑی بہت غلط فہمیاں پیدا ہوئی تھیں تاہم آج اچھی بات چیت ہوئی ہے اور جلد دوسری ملاقات اسلام آباد میں ہو گئی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے وفد تشکیل دیا تھا اس لیے اتحادیوں سے بات کر رہے ہیں۔ ہم جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔عمران خان نے ملک کو ٹریک پر لانے کے لیے سخت فیصلے کیے۔

فیصل واوڈا کی سزا

پرویز خٹک نے فیصل واوڈا سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ فیصل واوڈا کو وزیر اعظم نے 2 ہفتے کے لیے میڈیا پر جانے سے منع کیا ہے اور یہ سزا ان کے لیے کافی ہے۔

خالد مقبول صدیقی

ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے تمام مسائل سے تحریک انصاف کو آگاہ کیا تھا اور ہمارے کوئی ذاتی یا شخصی مفادات نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت بنی تو ایم کیو ایم نے غیر مشروط حمایت کی تھی اور وزارت کبھی بھی ہمارے مطالبے کا حصہ نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں حکومت، اپوزیشن کے درمیان چلمن کے پیچھے تعاون جاری

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت میں شامل ہونے سے قبل شہری علاقوں کے مسائل سامنے رکھے تھے۔ اٹھارویں ترمیم کے نتیجے میں ہمیں دھوکا دیا گیا اور 11 سال سندھ کے شہری علاقوں میں معاشی دہشت گردی کی گئی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت وفد سے مذاکرات حوصلہ افزا رہے ہیں، ہم سندھ کے شہریوں کا کیس لڑ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں