آٹا مہنگا کرنے والوں کے خلاف حکومت نے کارروائی شروع کر دی، فردوس عاشق


لاہور: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آٹا مہنگا کرنے والوں کے خلاف حکومت نے کارروائی شروع کر دی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو معیشت کے چیلنجز کا سامنا ہے جس کی وجہ سے صحافت کو بھی مشکلات کا سامنا رہا تاہم اب معیشت کی گاڑی درست سمت میں رواں دواں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معیشت کے میدان میں ہم نے وینٹی لیٹر سے نکال کر وارڈ میں منتقل کیا ہے۔ اب ہم عوام کے روزمرہ مسائل کا تدارک کریں گے اور عوامی مسائل حل ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فلور ملز نے من مانی کرتے ہوئے قیمتیں بڑھائی ہیں اور ہم نے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ملز کوسیل کیا۔ حکومت نے اب گندم پر سبسڈی کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے آٹے کی قیمت نیچے آئے گی تاہم یوٹیلیٹی اسٹور سے حکومتی نرخ پر آٹا مل سکتا ہے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف حکومت اپنی رٹ قائم کرے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ معیشت کے استحکام اور سیاست کے استحکام میں چولی دامن کا ساتھ ہے۔ سیاسی بونے اپنا قد اونچا کرنے کے لیے مڈٹرم انتخابات کی باتیں کرتے ہیں جبکہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے والی پارٹی اب اپنی قیادت کے لیے پرچی ڈالنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی حکومت اپنے تمام وعدے پورے کرے گی اور ہم اتحادیوں کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کریں گے۔ ہماری پالیسی کے راستے میں آنے والے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سال 2020 عوام کے لیے ریلیف کا سال ثابت ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں ’ایم کیو ایم ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی’

صحافیوں کے مسائل سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پریس کلب کی گرانٹ کو جلد بحال کر دیا جائے گا اور حکومت اب خود پریس کلب کی سرپرستی کرے گی۔ بہت جلد پریس کلب میں انفارمیشن سینٹر کا افتتاح کریں گے۔


متعلقہ خبریں