’فضل الرحمان ساتھ مل جائے تو حکومت کے پرخچے اڑ جائیں گے‘


ہالہ: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں تو حکومت کے پرخچے اڑ جائیں گے۔

ہالہ کے علاقے کھنڈو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  مولانا فضل الرحمن کے پاس لانگ مارچ کرنے کی قوت ہے۔ مولانا کے پاس بڑی تعداد میں کارکنان موجود ہیں، وہ اگر ساتھ مل جائے تو حکومت کے پرخچے اڑیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی مدت ملامت میں توسیع وزیر اعظم عمران خان کا استحقاق ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شہید ہر پارٹی کا ورثہ ہوتا ہے، پیپلز پارٹی اپنے شہیدوں اور ان کی قربانیوں پر کھڑی ہے۔ پیپلز پارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جس کے قائد اور کارکن دونوں شہید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں ہزاروں کارکنوں کا لہو شامل ہے۔ کبھی بھی قائد کے لہو اور شہیدوں کے خون پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ  فروغ نسیم جس پارٹی کے لیے مرتے تھے وہ پارٹی ختم ہوگئی۔ جس کا نام لینے سے غصہ آتا تھا، پتہ نہیں وہ قائد کہاں ہے؟

ایک سوال کے جواب میں مولا بخز چانڈیو نے کہا کہ سندھ حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان کام کرنے پر اختلاف ہے۔آئی جی سندھ تبدیل کرنے میں کونسی قباحت ہے۔ پنجاب میں 5 بار آئی جی کو تبدیل کیا گیا، لیکن کچھ نہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار کو سندھ حکومت کے معاملات پر کیوں اعتراض ہے۔ ہم نے پارلیمنٹٹ میں وزیر اعظم کے حق کو تسلیم کیا ہے۔


متعلقہ خبریں