پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، شہباز شریف

فوٹو: فائل


لندن: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور اس صورتحال میں ان ہاؤس تبدیلی پارلیمنٹ کا حق ہے۔

مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی آئینی، قانونی اور پارلیمنٹ کا حق ہے۔ پاکستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آٹا اور گندم کا بحران ہے جن کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ گندم کے ذخائر کہاں گئے یا وہ اسمگل ہو گئی ؟ 70 سالہ تاریخ میں آج سب سے زیادہ قیمت آٹے کی ہے اور وہ مل بھی نہیں رہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ گندم کا آٹا ہر گھر میں استعمال ہوتا ہے جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے جبکہ نواز شریف کے دور حکومت میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوتی تھی بلکہ ہم برآمد بھی کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور ایسی صورتحال میں ان ہاوس تبدیلی نہ غیرقانونی ہے اور نہ غیرسیاسی۔

یہ بھی پڑھیں حکومت معاملات باہمی مشاورت سے چلائے تو مسائل حل ہو جائیں گے، ق لیگ

نواز شریف کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا علاج جاری ہے اللہ ان کو صحت دے۔ عوام ان کے لیے دُعا کیا کریں۔

مقدمات سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میرے اور بھتیجی کے خلاف ریفرنس قومی احتساب بیورو (نیب) اور نیازی گٹھ جوڑ ہے۔


متعلقہ خبریں