امریکہ کی معاون نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ گئیں

امریکی نائب وزیرخارجہ کل پاکستان پہنچیں گں | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: امریکہ کی معاون نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز پاکستان کے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئیں۔

امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز ابوظہبی سے پرواز ای وائے 232 کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں وہ سری لنکا اور بھارت کے دوروں کے بعد پاکستان پہنچی ہیں۔

ذرائع کے مطابق امریکی نائب معاون وزیر خارجہ دورے میں سیاسی و عسکری قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔ ملاقاتوں میں پاک امریکا تعلقات اور افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستانی قیادت ایلس ویلز کے سامنے تنازعہ جموں و کشمیر، بھارتی غاصبانہ اقدامات کا معاملہ اٹھائے گی اور بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، کرفیو کے خاتمے پر زور دے گا جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال خصوصاً امریکہ ایران کشیدگی پر بھی گفتگو ہو گی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایلس ویلز 22 جنوری تک پاکستان کے دورے پر رہیں گی۔

اس کے علاوہ بھارت میں متنازعہ شہریت بل، جنوبی ایشیاء میں کشیدگی پر بھی گفتگو ہو گی اور ہندوستان میں ہندتھوا راج، مسلمان مخالف نفرت انگیز پرتشدد کارروائیوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

خیال رہے ایلس ویلز کشمیر کے معاملے پر اکثر آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے اس مسئلے پر امریکی پوزیشن تبدیل نہیں ہوئی۔

اپنے تحریری بیان میں ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں صورتحال خراب ہے، وہاں نوجوانوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان لڑائی ایک معمول بن چکی ہے۔


متعلقہ خبریں