ملک بھر میں آٹے کا بحران جاری

محکمہ خوراک کی کارروائیاں، گندم کی ہزاروں بوریاں برآمد

فوٹو: فائل


اسلام آباد: لاہورسمیت ملک بھر کے بڑے شہروں پشاور اور گجرانوالہ میں بھی آٹے کا بحران جاری ہے۔

ڈی سی لاہوردانش افضال کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر کے 20 مقامات پر آٹے کی فروخت کو یقینی بنانے کے لئے ٹرک کھڑے کر دئیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ماڈل اور اتوار بازاروں میں بھی آٹے کے ٹرک کھڑے کئے گئے ہیں جہاں سے عوام الناس آٹا خرید سکتے ہیں.

ماڈل بازار ٹیپو چوک گرین ٹاؤن ، ماڈل بازار شیر شاہ کالونی چوہنگ، ماڈل بازار وحدت کالونی ، ماڈل بازار مین پلازہ جوہر ٹاؤن، ماڈل بازار سبزہ زار، ماڈل بازار رائیونڈ ، ماڈل بازار ٹھوکر نیاز بیگ، ماڈل بازار چوہنگ ، ماڈل بازار چائنہ سکیم گجر پورہ میں ٹرک کھڑے کئے گئے ہیں.

ڈی سے لاہور کا کہنا ہے کہ شہر میں آٹے کی قلت نہیں ہے، ضلعی انتظامیہ شہریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

گوجرانوالہ میں بھی آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے جہاں ایک ہفتہ کے دوران فائن آٹے میں 15 روپے کلو جبکہ چکی کے آٹے میں 20 روپے اضافہ ہوا ہےْ

شہریوں نے آٹے کے بحران سے پریشان ہو کر حکومت سے ریلیف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ  گھر کی ضرورت سے انتہائی کم آٹا دیا جا رہا ہے جبکہ دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوچکا ہے لہذا اس مسئلے کا جلد از جلد حل کیا جائے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے کے باعث نانبائیوں نے صوبے کے تمام تندور بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں فائن آٹے کی بیس کلو کا تھیلہ 1200 سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ مکس آٹے کا تھیلہ 1100 میں فروخت ہو رہا ہے۔

اس بحران میں کمی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ٹرک اسکیم کے تحت لال آٹا 800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

پشاور میں آج ایک ٹرک آٹا اتوار بازار میں شہریوں کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں