’پنجاب کی عوام کو عثمان بزدار کی سادگی کی عادت نہیں‘


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو مولاجٹ نوری نتھ کی بھڑکیں چاہئیں، ان کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سادگی کی عادت نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو ہدف بنانے والے دراصل وزیراعظم عمران خان کو ہدف بنارہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عثمان بزدار اپنی مدت پوری کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کردار اور اداکار کا مقابلہ ہے، عثمان بزدار کردار ہیں ان سے پہلے اداکار تھے، عوام جانتے ہیں حقیقی خادم اعلیٰ کون ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 15 ماہ میں معیشت کو بینک دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

ملک بھر میں جاری آٹے کے بحران سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے جس کی روک تھام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سے تفصیلی ملاقات کی، پنجاب میں 60 فیصد زیادہ گندم پیدا اور ذخیرہ ہوتی ہے تاہم سندھ میں بروقت گندم کی خریداری نہیں کی گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے چار لاکھ ٹن گندم سندھ کو دینے کا حکم دیا جبکہ سندھ حکومت نے ایک لاکھ ٹن گندم اٹھائی ہے اور اسے فلور ملز تک پہنچانے میں ناکام رہی جس کے باعث مارکیٹ میں آٹے کی قیمت بڑھی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت 814 فلورملز  سے 25390 ٹن گندم  فراہم کررہی ہے، آٹے کی رسائی کے لیے 368 سیل پوائنٹ اور 181 ٹرک اسٹیشن بنائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے چھ اضلاع میں افسران کو معطل کیا جو آٹے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ میں مصروف تھے۔

مزید پڑھیں: آٹا: کے پی میں نایاب، سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مہنگا ہوگیا

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ مہنگائی مافیا کو توڑنے کےلیے ہیلپ لائن کا اجرا کیاگیا ہے، عوام 805 روپے فی 20 کلو سے زائد آٹا فروخت کرنے والوں کےخلاف اطلاع دیں۔

انہوں نے کہا کہ کالے دھن والے گینگز نے زرعی اجناس کو اسٹاک کرنے کا فارمولہ نکالا ہے، روزمرہ کی اشیا کو ذخیرہ کرکے مارکیٹ میں بحران پیدا کیاجارہا ہے۔

انہوں ے بتایا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت نہیں چھوڑوں گا، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جنگ آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔


متعلقہ خبریں