فواد چوہدری جذبات میں آکر باتیں کرجاتے ہیں، فیاض الحسن چوہان

دھرنے کے ذریعے کشمیر کاز پر توجہ ہٹائی گئی، صوبائی وزیر


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری جذبات میں آکر باتیں کرجاتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری قابل احترام ہیں انھوں نے پہلے بھی ایسے کیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کا 85 فیصد تقسیم ہوچکا ہے۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھرنے کے ذریعے کشمیر کاز پر توجہ ہٹائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ چین نے بھارت سے کشمیر میں مظالم کے حوالے سے پوچھا ہے، اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان اور اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے نقطے پر متفق ہیں اور ایک صفحے پر ہیں۔

کچھ روز قبل فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے اہم معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔

فواد چوہدری نے خط میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ہر صوبہ آرٹیکل 140 اے کے تحت لوکل گورنمنٹ سسٹم کے انتظامی اور مالی ذمہ داریاں مقامی حکومتوں کومنتقل کرنے کا پابند ہے لیکن صوبے مسلسل آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور اضلاع کی سطح پر فنڈز کی منتقلی نہیں کی جارہی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ نہیں دیا، انہوں نے آرٹیکل 140 کی بھر پور خلاف ورزی کی لیکن بدقسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت نے بھی صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا


متعلقہ خبریں