تبدیلی سرکار کے دعوے: غربت و بیروزگاری سے تنگ شخص نے اپنی جان دے دی


کراچی: تبدیلی سرکار کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ایک اورشخص نے غربت، بیروزگاری تنگ آکر خود سوزی کرلی۔ نوکری کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے والا خیرپور کا رہائشی اپنے بچوں کی بھوک برداشت نہ کرسکا اور انتہائی قدم اٹھا بیٹھا۔

عمر کوٹ: غربت اور بیماری سے تنگ محنت کش میاں بیوی نے خود کشی کر لی

ہم نیوز نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ خیر پور کا رہائشی نوید تین بچوں کا باپ اور سرجانی ٹاؤن میں یارو گوٹھ کا رہائشی تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ چار ماہ قبل ہی اس علاقے میں کرائے کے گھر میں منتقل ہوا تھا۔ مکان کا کرایہ ساڑھے پانچ ہزار تھا۔

اہل محلہ کے مطابق نوید گزشتہ تین ماہ سے دن رات ملازمت کی تلاش میں فیکٹریوں، ملوں اور کارخانوں سمیت دکانوں کے چکر لگا رہا تھا لیکن اسے کسی بھی جگہ سے مثبت جواب نہیں مل رہا تھا۔

نوید کے رشتے دار فیضان کے مطابق اس نے انتہائی قدم اٹھانے سے قبل بھی فون پر رشتے دار سے منتیں کی تھیں کہ اسے نوکری دلادی جائے کیونکہ اس کے لیے اب برداشت نا ممکن ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کو اہل محلہ نے بتایا کہ 15 جنوری کو اس کی ہمت جواب دے گئی اور اس نے محلے میں کھڑی ایک موٹرسائیکل سے پٹرول نکال کر خود پہ اس کو چھڑکا اور آگ لگالی۔

اہل محلہ کے مطابق آگ دیکھ کر لوگوں نے شور مچایا اور اسے فوری طور پر برنس وارڈ سول اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

ہم نیوز کو اہل محلہ نے بتایا کہ اب اس کی میت لے کر لواحقین آبائی علاقے خیرپور گئے ہیں۔ اہل محلہ تصدیق کرتے ہیں کہ وہ غربت و بیروزگاری سے بہت تنگ تھا اور یہی وجہ تھی کہ گزشتہ دو ماہ سے گھر کا کرایہ بھی نہیں دے سکا تھا۔

اہل محلہ نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی حکومتی شخصیت نے نہ تو مظلوم خاندان کی داد رسی کی اور نہ ہی اس جانب توجہ دی ہے۔

‘دنیا بھر میں ہر 40 سیکنڈ کے بعد ایک شخص خود کشی کرتا ہے ’

غربت و بیروزگاری سے تنگ آکر ابھی چند روز قبل میر حسن نامی شخص نے بھی اس وقت خود سوزی کی تھی جب اس کے بچوں نے سخت سردی سے تنگ آکر گرم کپڑے لا کر دینے کی فرمائش کردی تھی۔ شہر قائد میں خود سوزی کا گزشتہ دس روز میں پیش آنے والا یہ دوسرا افسوسناک واقعہ ہے۔


متعلقہ خبریں