پہاڑی علاقوں، پنجاب اور بلوچستان کے بعض مقامات پر بارش متوقع

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی بلو چستان میں کہیں کہیں جبکہ بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علا قوں، کشمیر، گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے تاہم ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک اور سر د رہے گا۔

فاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سوموار کی صبح مطلع جزوی ابر آلود رہا۔ شہر کا درجہ حرارت صبح کے وقت سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 16 تک جا سکتا ہے۔

بلوچستان کے اضلاع کو ئٹہ، قلعہ عبد اللہ، پشین، نوشکی، مسلم باغ، چمن، چاغی اور ژوب میں چند مقامات پر بارش اور برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے اضلاع سیالکوٹ، ناروال، گوجرانوالہ، جہلم، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرات، حا فظ آباد، لا ہور، جھنگ، بہاولپور، سر گودھا، رحیم یارخان، اوکاڑہ اور ساہیوال میں دھند پڑے گی جب کہ ملتان اور ڈی جی خان میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں دھند پڑ سکتی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں بونیر، چترال، دیر، کالام، مالاکنڈ، شانگلہ، سوات، کرم، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے اضلا ع میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔

آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشترعلاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی علاقہ جات اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں