فیصل واوڈا کی نااہلی کیلئے درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

فائل فوٹو


لاہور: عدالت نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نا اہلی کے لیے درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس مامون الرشید شیخ نے قومی امن ترقی پارٹی کی درخواست پرسماعت کی جس میں وفاقی حکومت اور فیصل واوڈا کو فریق بنایا گیا ۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کر کے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ فیصل واڈا نے لائیو شو میں پاکستان مسلم لیگ ن پر بوٹ پالش کرنے اور چاٹنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میمو گیٹ میں حسین حقانی اور ڈان لیکس کے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جاتی تو ’فیصل واڈا گیٹ‘‘ واقع پیش نہیں آتا۔ فیصل واڈا نے پاکستان کے اعلٰیٰ جمہوری و دفاعی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش کی ہے۔

انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ فیصل واڈا آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پارلیمنٹ و کابینہ کا حصہ نہیں رہ سکتے۔ عدالت الیکشن کمیشن کو فیصل واڈا کو نااہل قرار دینے کا حکم دے۔

خیال رہے کہ لاہور کی مقامی عدالت نے 17 جنوری کو فیصل واوڈا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ عدالت نے تھانہ پرانی انار کلی کے ایس ایچ او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا تھا۔

مقامی وکیل رانا نعمان کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست کی سماعت جج ایف اللہ ہنجرا کی عدالت میں ہوئی تھی۔

درخواست گزار رانا نعمان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فیصل واوڈا نے ٹاک شو میں بوٹ دکھا کر قومی سلامتی کے اداروں کی تضیک کی ہے اور ان کا عمل اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے مترادف ہے۔


متعلقہ خبریں