’جس شخص نے ساری زندگی چندہ جمع کیا وہ معیشت کیا سنبھالے گا‘

اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس لیڈر کو فنڈ اکٹھا کرنے والے کسی منصب پر لگادیں، احسن اقبال

حکومت نے ڈھائی سال میں پاکستان کی عزت کو خاک میں ملا دیا، احسن اقبال

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے ساری زندگی چندہ جمع کیا ہو وہ معیشت کیا سنبھالے گا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایسے شخص کا کیا وژن ہوگا۔

آٹے کے بحران پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آٹا 70 روپے کلو بھی نہیں مل رہا جبکہ بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے سی گئی ڈیڈلائن ختم ہوگئی ہے تاہم ملک کے چاروں صوبوں میں آٹے کا بحران تاحال موجود ہے۔

کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت ہرجگہ آٹا مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔

خیبرپختونخوا میں فائن آٹے کے 20  کلو تھیلے کی قیمت 1200 روپے سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ مکس آٹے کا تھیلہ 1100 میں فروخت ہورہا ہے۔

حکومت کی طرف سے پورے پشاور میں صرف دو ٹرک کھڑے کئے گئے، جہاں 20  کلو سرخ آٹے کا تھیلہ 800 روپے میں دستیاب ہے۔

لاہور کے اتوار بازاروں اور دیگر 20 پوائنٹس پر سستے آٹے کے ٹرک کھڑے کر دئیے گئے، جہاں 20 کلو  آٹے کا تھیلا 790 اور دس کلو کا 395 میں  فروخت ہوتا رہا۔

کراچی میں چکی کا آٹا 70 روپے اور فائن آٹا 75 روپے فی کلو تک فروخت ہوتا رہا۔ راولپنڈی میں چکی کا آٹا 65 روپے کلو مل رہا ہے۔ گوجرانوالہ میں فائن آٹا 60 اور چکی پر آٹا 70 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ حکومت میں کسان کیلئے حالات بہت خراب ہیں، صدر پاکستان کسان اتحاد

پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ لنگر خانہ حکومت نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا، انہوں نے بڑے بڑے دعوے کیے تاہم انہوں نے نوجوان نسل کو صرف گالیاں سکھائیں۔

ن لیگی رہنما کے مطابق نوجوان نسل کو نوکریوں کے لارے دیے گئے تاہم وہ ڈگریاں ہاتھ میں اٹھائے گھوم رہے ہیں لیکن روزگار ہی ختم کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس لیڈر کو فنڈ اکٹھا کرنے والے کسی منصب پر لگادیں اور ہماری اس اس لنگرخانہ حکومت سے ہماری جان چھڑوادیں۔


متعلقہ خبریں