’زندگی تماشہ‘ کی ریلیز روکنے کیلئے سرمد کھوسٹ کو دھمکیاں

’زندگی تماشہ‘ کی ریلیز روکنے کیلئے سرمد کھوسٹ کو دھمکیاں

اسلام آباد: ہدایت کار سرمد سلطان کھوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں فلم ’زندگی تماشہ‘ کو ریلیز کرنے سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

معروف اداکار و ہدایتکار سرمد سلطان کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشہ‘ 24 جنوری کو ریلیز کی جانی ہے تاہم یہ فلم ریلیز سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہو گئی ہے۔

چند روز قبل سرمد کھوسٹ نے فلم کی بروقت ریلیز کے لیے حکومت وقت سے مدد بھی مانگی تھی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان، صدرِ پاکستان عارف علوی، چیف جسٹس آف پاکستان، معاون خصوصی برائے اطلاعات اور آرمی چیف کے نام ایک کھلا خط لکھا تھا اور مدد کی اپیل کی تھی۔

انہوں نے کھلے خط میں یہ بھی بتایا تھا کہ کس طرح فلم کی ریلیز میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔

اب ’زندگی تماشہ‘ کے ہدایتکار نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی ریلیز روکنے کے لیے انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔


سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں سرمد کھوسٹ نے لکھا کہ مجھے درجنوں دھمکی آمیز کالیں اور میسجز موصول ہو چکے ہیں، انہوں نے اپنے مداحوں سے سوال بھی کیا کہ کیا میں زندگی تماشہ کی ریلیز سے پیچھے ہٹ جاؤں؟

دوسری جانب سرمد سلطان کھوسٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر موصول ہونے والی دھمکی آمیز پیغامات میں سے ایک پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔

اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ معروف اداکار کو ’غلیظ آدمی‘ کہہ کر مخاطب کیا گیا ہے اور فلم کی ریلیز روکنے سے متعلق پیغام بھیجا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں