کراچی: میرے قتل کے بعد! نوید کی خود سوزی لواحقین کی امداد کا ذریعہ بن گئی؟

کراچی: میرے قتل کے بعد! نوید کی خود سوزی لواحقین کی امداد کا ذریعہ بن گئی؟

کراچی: بیروزگاری، غربت اور فاقہ کشی کے ہاتھوں تنگ آکر خود سوزی کرنے والے نوید کے لواحقین کی داد رسی کے لیے بیت المال سندھ متحرک ہوگیا۔ بیت المال سندھ کے سربراہ اور پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما جنید لاکھانی نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر خود سوزی کرنے والے نوید کے لواحقین سے رابطہ کرے اور ان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائے۔

تبدیلی سرکار کے دعوے: غربت و بیروزگاری سے تنگ شخص نے اپنی جان دے دی

خیرپور سے تعلق رکھنے والے نوید نامی شخص نے 15 جنوری کو محلے میں کھڑی ایک موٹرسائیکل سے پٹرول نکال کر خود پہ چھڑک کر آگ لگالی تھی جس کے بعد اہل محلہ نے برنس وارڈ سول اسپتال کراچی منتقل کیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔

نوید فی الوقت یارو گوٹھ سرجانی ٹاؤن میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر اور بیروزگاری کے ہاتھوں سخت پریشان تھا۔ بیروزگاری کے باعث وہ گزشتہ دو ماہ سے گھر کا کرایہ بھی نہیں دے سکا تھا۔

ہم نیوز کو اہل محلہ اور نوید کے رشتہ داروں نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ وہ روزآنہ نوکری کی تلاش میں گھر سے نکلتا تھا اور ملوں، فیکٹریوں و کارخانوں سمیت دکانوں کے چکر لگانے کے بعد ناکام شام ڈھلے گھر لوٹ آتا تھا۔ اس نے آخری فون کال میں بھی ایک جاننے والے سے بہت منت سماجت کی تھی کہ اس کے لیے نوکری کا بندوبست کردیا جائے کیونکہ اب اس کی برداشت جواب دے چکی ہے لیکن ایسا نہ ہوسکا تو گھر میں تین معصوم بچوں کی بھوک برداشت نہ کرسکنے پر اس نے پٹرول چھڑک کر آگ لگالی اور اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

نوید کے انتقال کے بعد اس کے لواحقین تدفین کے لیے میت لے کر آبائی علاقے خیرپور روانہ ہوگئے جب کہ اہل محلہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی حکومتی شخصیت نے رابطہ تک نہیں کیا اور نہ ہی داد رسی کے لیے کوئی آیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق جنید لاکھانی نے اس اندوہناک سانحہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقامی ٹیم کو متاثرہ خاندان سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی یقین دہانی کرائی ہے کہ نوید کے بچوں اور دیگر لواحقین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

سربراہ بیت المال سندھ جنید لاکھانی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ خدارا! کسی بھی مشکل صورتحال میں ہم سے رابطہ کریں اور انتہائی قدم اٹھانے سے گریز کریں۔

انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ میں ہونے والی خود کشیوں کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پر الزام دھرنے والے بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کو دیکھ لیں۔

ہم نیوز کے مطابق جنید لاکھانی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے زکواۃ اور غریبوں کے وظیفے کے پیسے بھی ہڑپ کرلیے ہیں۔

بچوں کے گرم کپڑوں کی فرمائش، والد نے خودکشی کرلی

تبدیلی سرکار کے عہد میں غربت و بیروزگاری سے تنگ آکر ابھی چند روز قبل میر حسن نامی شخص نے بھی اس وقت خود سوزی کی تھی جب اس کے بچوں نے سخت سردی سے تنگ آکر گرم کپڑے لا کر دینے کی فرمائش کردی تھی۔

شہر قائد میں غربت و بیروزگاری سے تنگ آکر خود سوزی کرنے کے گزشتہ دس روز میں دو اندوہناک سانحات پیش آچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں