ہائی کورٹ: وفاق کو نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے کر چارہ جوئی کا حکم


لاہور: عدالت عالیہ لاہور نے وفاق کو میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق چارہ جوئی کرنے کا حکم دے دیا۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی بیرون ملک جانے کے لیے ایک اور درخواست دائر کردی ہے۔

پرویز مشرف کی درخواستیں: لاہور ہائی کورٹ کی وکلا کو تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت

ہم نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے قائد پی ایم ایل (ن) کی دائر درخواست کی سماعت کی جس میں حکومت کی بیرون ملک علاج کے لیے عائد کردہ شرائط کو چیلنج کیا گیا ہے۔

دوران سماعت سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم برطانیہ میں زیر علاج ہیں جس کی میڈیکل رپورٹس جمع کرا دی گئی ہیں۔

عدالت نے دوران سماعت استفسار کیا کہ درخواست گزار کب واپس آئیں گے؟ تو سابق وزیر اعظم کے وکیل نے گوش گزار کیا کہ جیسے ہی ڈاکٹر انہیں فٹ قرار دیں گے وہ واپس آ جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان کو میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کو کوئی اعتراض ہے تو اس پر عدالت سے قانون کے مطابق رجوع کرے۔

پی ایم ایل (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو بنیاد بنا کر مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ ہی میں ایک اور درخواست جمع کرادی ہے۔

مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر حکومت کو نوٹس جاری

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ والد کی صحت دن بدن بگڑ رہی ہے اور نواز شریف کی میڈیکل ہسٹری ان سے زیادہ کوئی نہیں جانتا ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔


متعلقہ خبریں