مولانا فضل الرحمان کا آئین پاکستان تحفظ تحریک چلانے کا فیصلہ

مولانا فضل الرحمان کا آئین پاکستان تحفظ تحریک چلانے کا فیصلہ

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: امیر جمعیت العلمائے اسلام (ٖف) مولانا فضل الرحمان نے آئین پاکستان تحفظ تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس بات کا اعلان 19 مارچ کو لاہورمیں کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے پھرسڑکوں پر آنے کا اشارہ دے دیا

دلچسپ بات ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کی ابتدا کراچی سے کی تھی جب کہ آئین پاکستان تحفظ تحریک کا اعلان لاہور سے کرنے کا کہا ہے۔ گزشتہ مارچ میں پی پی پی اور پی ایم ایل (ن) ان کی بڑی سیاسی اتحادی تھیں جب کہ اس مرتبہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے ممتاز علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام سے مشاورت کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آزادی مارچ سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، آٹا مہنگا ہورہا ہے لیکن وزرا عام آدمی کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وزرا کا تمسخر ناقابل برداشت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے بات چیت میں کہا کہ ترمیمی ایکٹس پر اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے حکومت کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کی نفی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کا اجلاس بلایا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں دو دن قبل کہا گیا تھا کہ جے یو آئی (ف) نے ایک مرتبہ پھر حکومت مخالف تحریک شروع کرنے پہ غور شروع کردیا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں جے یو آئی (ف) نے صوبائی تنظیموں سے مشاورتی عمل کا آغاز کردیا ہے جب کہ سندھ اور پنجاب کی تنظیموں سےمشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق آئندہ مرحلے میں کے پی اور بلوچستان کی تنظیموں سے مشاورت کی جائے گی۔

حکومت عوامی دباؤ برداشت نہیں کر سکتی، مولانا فضل الرحمان

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ جے یو آئی رواں ماہ کے آخر میں مظاہروں کا منصوبہ ترتیب دے رہی ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان فی الوقت اپوزیشن جماعتوں سے نالاں ہیں اوران سے مشاورت کرنے پہ بھی آمادہ نہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں