آئی جی سندھ کی تعیناتی کیلئے تین نام وفاق کو ارسال

سندھ: سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند کرنے کا اعلان

فائل فوٹو


کراچی: انسپیکٹرجنرل( آئی جی) سندھ کی تعیناتی کیلئے صوبائی حکومت نے وفاق کو تین نام بجھوا دیے ہیں۔

سندھ حکومت نے جو نام اسلام آباد بھجوائے ان میں غلام قادر تھیبو، ڈاکٹر کامران فضل اور مشتاق مہر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت آئی جی کلیم امام کو کافی عرصے سے ہٹانا چاہ رہی ہے اور گزشتہ روز صوبائی کابینہ نےغلام قادرتھیبو کو انسپکٹر جنرل پولیس سندھ مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔

بعد ازاں کلیم امام کو ہٹانے کے خلاف درخواست ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے آئی جی سندھ کی تعیناتی کو وفاقی حکومت کی اجازت سے مشروط کردیا تھا۔

عدالت نے یہ ہدایت بھی کی تھی کہ قانون میں عہدے کی مدت تین سال ہے اور نئے آئی جی کی تعیناتی قانون کے مطابق کی جائے۔

مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں بھی وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کلیم امام کو ہٹانے کی بات وزیراعظم عمران خان سے کی تھی۔

عمران خان نے مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ تین بھجوائیں ان پر غور کیا جائے گا۔ سندھ حکومت نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ایک خط ارسال کیا تھا جس میں آئی جی کو ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔

وفاق نے آئی جی کلیم امام کو ہٹانے کے سندھ حکومت کے مطالبے کو رد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ابھی اس حوالے سے غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کے نام خط میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کہا ہے کہ ان کی درخواست پرغورجاری ہے، حتمی فیصلے تک ایڈیشنل آئی جی کو چارج نہیں دیا جا سکتا اور اس وقت تک کلیم امام اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سندھ میں پولیس افسران کے تقرروتبادلے کے معاملے پر آئی جی اور صوبائی حکومت آمنے سامنے آگئے تھے۔

سندھ حکومت نے پولیس اختیارات کے فوری حصول کے لیے مشرف دور کے پولیس آرڈر کو بحال کرنے کی منظوری دی تھی۔

مجوزہ پولیس آرڈر 2002 کے تحت پولیس افسران کی کارکردگی اور کارروائیوں کو حکومت کا تشکیل کردہ پبلک سیفٹی کمیشن مانیٹر کرے گا۔ تقرر وتبادلے بھی حکومت کرے گی۔

آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے سیکرٹری داخلہ کے نام لکھے خط میں کہا تھا کہ پولیس کے انتظامی اور آپریشنل اختیارات آئی جی کو حاصل ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر کلیم امام کو ستمبر 2018 میں صوبہ سندھ کا انسپکٹر جنرل تعینات کیا گیا تھا اور قانون میں آئی جی سندھ کے عہدے کی مدت 3 سال ہے۔


متعلقہ خبریں