’پاکستانی صحافت مافیا کے قبضے میں ہے، سوشل میڈیا کی بدولت اقتدار میں آیا‘


اسلام آباد: وزیرا عظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں میڈیا و صحافت مافیا کے قبضے میں ہے، میرا یہ ماننا ہے کہ ہم سوشل میڈیا کی بدولت ہی اقتدار میں آئے ہیں۔

سوشل میڈیا آپریٹرز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مگرمچھوں سے ہے، عوام کو چاہیے گھٹیا سیاست کرنے والوں کا منہ بند کریں۔

ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس گھر میں ڈاکا پڑا ہو وہ گھر راتوں رات اپنے پاؤں پرکھڑا نہیں ہو سکتا۔

وزیر اعظم عمران خان نے دوست ملک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح چین نے دولت پیدا کر کے  نچلے طبقے کو غربت سے نکالا ، ہم بھی اسی طرح نجی سیکٹر کو مضبوط کر کے نچلے طبقے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے ہمیں شدید خطرہ ہے، آج بھارت پر شدت پسند سیاست دانوں نے قبضہ کر لیا ہے۔  مودی سرکار کے خلاف پورے ہندوستان میں احتجاج شروع ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار اپنی اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کر سکتی ہے مگر ہم ہر طرح کے حالات کے لئے تیار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی توجہ سیاحت اور آئی ٹی کی طرف ہے جس کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود غریب طبقے کے لئے ہماری حکومت نے ہیلتھ کارڈ اور احساس کارڈ جیسے پروگرام متعارف کرائیں ہیں، اس طرح کے اقدامات پہلے کبھی نہیں کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دو پروگرامز جو نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے ان میں ہاؤسنگ منصوبہ اور سیاحت سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں