وزیراعظم کی تنخواہ وفاقی وزیر سے بھی کم

 آرمی ایکٹ میں ترمیم، حکومت نے قانون سازی میں پیپلزپارٹی کی حمایت مانگ لی

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تنخواہ ایک لاکھ 96 ہزار 979 روپے ہونے کا انکشاف ہوا ہے جو کہ ایک وفاقی وزیر سے بھی کم ہے۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والی گزشتہ سال فروری کی سیلری سلپ کے مطابق وزیراعظم کی بنیادی تنخواہ ایک لاکھ سات ہزار 280 روپے ہے۔

اس کے علاوہ انہیں اخراجاتی الاؤنس 50 ہزار روپے، ایڈہاک الاؤنس 21 ہزار 456 روپے، ایڈہاک الاؤنس 2011 کنٹریکٹ 12 ہزار 110 روپے جبکہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 10 ہزار 728 روپے ملتا ہے۔

اس طرح عمران خان کی تنخواہ کل ملا کر دو لاکھ ایک ہزار 574 روپے ہے جو 4595 روپے ٹیکس کٹوتی کے بعد ایک لاکھ 96 ہزار 979 روپے رہ جاتی ہے جو وزیراعظم وصول کرتے ہیں۔

تنخواہ کے علاوہ وزیراعظم کو دیگر مراعات بھی حاصل ہیں۔ انہیں سرکاری گھر، گاڑی اور اسٹاف بھی ملا ہوا ہے۔

وزیراعظم کے موبائل اور لینڈ لائن ٹیلی فون کا خرچہ بھی قومی خزانے سے ادا کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، مشیروں اور معاونین خصوصی کی تفصیلات بھی قومی اسمبلی میں پیش کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک وفاقی وزیر اور مشیر کو ماہانہ چار لاکھ 48 ہزار روپے تنخواہ اور مراعات کی مد میں ادا کیے جاتے ہیں۔

سرکاری گھر نہ ہونے کی صورت میں ماہانہ ایک لاکھ تین ہزار روپے الگ سے ملتے ہیں۔

وزیر مملکت اور معاونین خصوصی کو ماہانہ چار لاکھ چھ ہزار روپے ادا کئے جاتے ہیں جبکہ سرکاری گھر نہ ہونے کی صورت میں ماہانہ 93 ہزار ساڑھے 700 روپے کی ادائیگی الگ ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں