پاک فوج کشمیریوں کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گی، آرمی چیف


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کشمیر کاز اور کشمیریوں کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے یہ بات صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے صدر آزاد کشمیر کو پاک فوج کی کشمیرکاز اور کشمیریوں کےلیےمکمل حمایت کا یقین دلایا۔

بھارتی حملے کی دھمکی

11 جنوری کو نئے بھارتی آرمی چیف منوج موکنڈ نراوانے نے کہا تھا کہ پارلیمینٹ اگر اجازت دے گی تو آزاد جموں و کشمیر کو حاصل کرنے کے لیے بھارتی فوج کارروائی کرے گی۔

مزید پڑھیں: سلامتی کونسل کا مقبوضہ کشمیرپر غور کرنا سنگین صورتحال کا اعتراف ہے، وزیراعظم

نئی دہلی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ کی پہلے سے قرار داد موجود ہے کہ پورا کشمیر بھارت کا حصہ ہے۔ ہماری پارلیمان قرارداد پاس کرچکی ہے کہ مکمل جموں اور کشمیر انڈیا کا حصہ ہے۔

بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ اگر پارلیمان چاہتی ہے کہ آزاد کشمیر بھی بھارت کا حصہ ہونا چاہیے تو ہمیں حکم دے۔ بھارتی پارلیمان نے حکم دیا تو آزاد کشمیر کے حصول کے لیے کارروائی کریں گے۔


متعلقہ خبریں