وفاقی وزیر کے بھانجے اور معاون خصوصی کے بھائی کے درمیان زمین کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا


راولپنڈی: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے بھائی اور وفاقی وزیر میاں محمد سومرو کے بھانجے کے درمیان زمین کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔

ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر نے جب مندرہ کے علاقے میں متنازعہ اراضی حاصل کرنے کی کوشش کی تو میاں سومرو کے بھانجے ملک منیر نے پولیس طلب کرلی۔

ذرائع کے مطابق فریقین ایک دوسرے پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور انتظامیہ و پولیس پر دباؤ کے الزامات لگا رہے ہیں۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور زمین کے تنازعے کی رپورٹ تیار کرنے والے اے ڈی سی آر رضوان قدیر کا 24 گھنٹوں میں تبادلہ کردیا گیا۔ دونوں افسران کے تبادلے سے انتظامیہ پر مبینہ دباؤ  کا تاثر پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اب سے کچھ دیر پہلے گجر خان پولیس کے اے ایس پی کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔

ایس پی ضیاء الدین کے مطابق معاملےکو ریونیو ڈیپارٹمنٹ دیکھ رہا ہے۔ ہمارا کام قانون کی عملداری ہے اور معاملہ کورٹ میں بھی ہے۔


متعلقہ خبریں