چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا بھی آٹے کے بحران پر برہمی کا اظہار


کراچی: ملک میں آٹے کے بحران پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحران ان افراد کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے جو لوٹ مار کے عادی ہیں۔

اس حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران انہوں نے ملزم ہریش مل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اب پیٹ بھرا کہ نہیں؟ شکل کو سامنے لاؤ، ایسے لوگ ہی بڑی شخصیات کی ایما پر بحران کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع سے گندم چوری کا ریفرنس دائر کردیا ہے تاہم ملزمان نے گوداموں سے گندم چوری کرکے مارکیٹ میں فروخت کردی تھی۔

بعدازاں ملزم انیس الرحمان، موہن لعل، ابراہیم تھیم اور دیگر کی درخواست ضمانت کا معاملہ سکھر بینچ کو منتقل کردیا گیا۔

گزشتہ کچھ عرصے سے ملک میں آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دو روز قبل مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آٹے کی قلت سے نمٹنے کے لئے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنےکی منظوری دی گئی تھی۔

دوسری جانب ملک بھر میں چینی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی بھی اطلاعات ہیں۔


متعلقہ خبریں