لڑکی سے زیادتی کے الزام میں جج کیخلاف مقدمہ درج

فوٹو: فائل


سیہون شریف: سندھ کے ضلع جامشورو کی تحصیل سیہون شریف میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کرنے والے سول جج امتیاز بھٹو کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ گناہ نمبر 09/2020 زیر دفعہ 376، 506 پی پی سی کے تحت متاثرہ لڑکی سلمی بروھی کی مدعیت میں درج کیا گیا جب کہ اس میں جنسی زیادتی اور پبلک آفس کے خلاف ضابط استعمال کی دفعات بھی شامل ہیں۔

لڑکی نے بیان دیا کہ عدالت میں پیش ہوئی توسول جج نے کہا کس کے پاس جانا چاہتی ہو؟ میں نے کہا لڑکے کے پاس جاؤں گی، تو جج نے کہا اس کے لیے میں جو کہوں وہ کرنا پڑے گا۔

ایف آئی آر کے متن میں درج ہے کہ جج نے لڑکی کے حق میں فیصلہ سنانے کیلئے اس کو جسمانی تعلق قائم کرنے پر مجبور کیا اور اپنے چیمبر کے واش روم میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

خیال رہے کہ سلمی بروھی پسند کی شادی کے لیے نثار نامی لڑکے کیساتھ ضلع قمبر شہدادکوٹ فرار ہوئی تھی۔ پولیس نے دونوں کو ایک گیسٹ ہاؤس سے حراست میں لے کر 13 جنوری کو عدالت میں پیش کیا تھا۔

لڑکی کے مطابق سول جج امتیاز بھٹو نے اس کو زیادتی کا نشانہ بنایا جس کا مقدمہ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج کر لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں