’ کرونا وائرس ‘ سے بچاؤ کیلئے ہوائی اڈوں پر خصوصی کاؤنٹر بنانے کا فیصلہ


اسلام آباد: حکومت نے ’ کرونا وائرس ‘ سے بچاؤ کے لئے ہوائی اڈوں  پر خصوصی کاؤنٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس ضمن میں اسلام آباد ایئرپورٹ کے منیجرعدنان نے کہا ہے کہ چین سے پاکستان آنے والی پروازوں کے مسافروں کا طبی معائنہ کیا جائے گا جس کے لئے اسکریننگ ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں ماہر ڈاکٹرز بھی موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وائرس کی تشخیص ہونے کی صورت میں متاثرہ مریض کو پمز اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے اسکریننگ کے آلات ہمارے پاس پہلے سے موجود ہیں۔

دوسری جانب قومی ادارہ صحت نے وائرس کے خطرات سے بچاؤ کی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

چین میں پھیلنے والے اس وائرس سے اردگرد کے ممالک کا بھی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ وائرس سی فوڈ اور جانوروں سے انسانوں میں پھیلاتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس مؤذی وائرس سے اب تک کئی ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں جبکہ اس کا علاج بھی دریافت نہیں ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں