پی ٹی آئی ناراض اراکین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات موخر

کورونا: وزیراعلیٰ پنجاب صحتیاب نہیں ہو سکے، رپورٹ پھر مثبت آگئی

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض ارکان کی آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ہونے والی ملاقات موخر ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ کی عثمان بزدار سے ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب کی مصروفیات کے باعث موخر کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ بہاولپور کے بعد ملاقات کو ری شیڈول کیا جائے گا۔ سپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ نے اج اجلاس بھی طلب کررکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق ناراض گروپ کے ارکان وزیر اعلیٰ کو اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ گروپ اراکین اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبے اور فنڈز کے حوالے سے تحفظات رکھیں گے۔

گروپ میں سردار شہاب الدین، ملک غضنفر چھینہ، تیمور لالی، مامون تارڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان، گلریز افضل چن ،کرنل غضنفر عباس، خواجہ داؤد بندیشہ، محی الدین کھوسہ اور عامر عنایت شہوانی سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔

دریں اثناء ناراض گروپ کے رکن کرنل غضنفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کو بااختیار بنانے کے لیے گروپ بنایا گیا۔

کرنل غضنفر نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت اختیارات چیف سیکرٹری کے پاس ہیں۔ پنجاب میں حالیہ بیوروکریسی کے تبادلوں کے بعد وزیراعلیٰ بے اختیار ہوگئے ہیں۔ سیاستدانوں کو دیوار کے ساتھ لگا یا جا رہا ہے۔

کرنل غضنفر نے کہا کہ ہم نے پچھلی ملاقات میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ وزیراعلی کو کہہ دیا تھا کہ آپ کے اختیار میں نہیں ہے تو وزیراعظم سے ملاقات کرائیں، انہیں بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم جس کو بھی وزیراعلیٰ پنجاب بنائیں گے ان کا ساتھ دیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب بے اختیار ہیں، ہم جس شاخ پر بیٹھے ہیں اس کو کیوں کاٹیں۔


متعلقہ خبریں