تنقید سے گھبراؤں گا نہ نظریے پر سمجھوتہ کروں گا، وزیراعظم

تنقید سے گھبراؤں گا نہ نظریے پر سمجھوتہ کروں گا، وزیراعظم

فائل فوٹو


ڈیووس/اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں 40سال سے تنقید کا سامنا کر رہا ہوں، میں اس سے گھبرانے والا نہیں اور نہ اپنے نظریے سے پیچھے ہٹوں گا۔

ڈیووس میں پاکستان بریک فاسٹ میٹ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہاں قیام بہت ہی مہنگا ہے اور وہ اس پر حکومت کا خرچ نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ڈیووس آنے والے وزرائے اعظموں میں سب سے سستا دورہ میراتھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیووس میں دنیا کی اہم شخصیات سے ملنے کا موقع ملتا ہے اور یہاں میرا قیام کےاخراجات کواکرام سہگل اور محمد عمران نے اسپانسرکیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں بڑا ہدف پانے کے لیے اپنی کشتیاں جلانی پڑتی ہیں اور کامیاب ہونے کے لیے کوئی پلان بی نہیں ہونا چاہیے۔

عمران خان نے کہا جب آپ ترقی کے زینے پر ہوں تو کبھی غرور نہیں کرنا چاہیے اور جب آپ مشکل میں گھرے ہوں تو کبھی نا امید نہیں ہوناچاہیے۔ کامیابی کے حصول کےلیے جدوجہد میں کبھی پیچھے مڑ کر نہ دیکھیں کیوں کہ پیچھے مڑنے کا کوئی راستہ نہیں ہوتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کے پاس صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ وسائل بھی ہیں، آگے بڑھنے کےلیے مشکل حالات میں جینے کا سلیقہ آنا چاہیے، دوسری پوزیشن پر آنے والے کو کوئی انعام نہیں ملتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا چیلنج کرپشن کا خاتمہ ہے جب کہ کرپٹ اسٹیٹس کو پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے، 60کی دہائی میں پاکستان دنیا کےلیے رول ماڈل تھا لیکن بد قسمتی سے ماضی میں تعلیم اور انسانوں پر پیسہ خرچ نہیں کیا گیا۔

پاکستان بریک فاسٹ میٹ کی تقریب میں خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ حکومت صنعت کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو سہولت دے رہی ہے۔ بیمارمعیشت کو اٹھانےکےلیےتکلیف دہ فیصلےکرنے پڑتے ہیں۔ ٹیومر نکالنا ہے تو آپریشن کے مرحلے سے بھی گزرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئلےاور گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں، ہم  آہستہ آہستہ لیکن بتدریج تبدیلی کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی ترقی کےلیے بہتر نظام حکومت لازم ہے اور کرپٹ لوگ جان بوجھ کر ملک میں ناامیدی کی باتیں پھیلاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ گزشتہ 15ماہ میری زندگی کے مشکل ترین دن تھے، کابینہ میں بیٹھےمایوس چہروں سے کہتا ہوں کہ اصلاحات کے باعث تنقید پر گھبراتے نہیں ہیں، آپ فکر نہ کریں میں ہوں۔

تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں سمیت اہم کاروباری شخصیات نے شرکت کی جنہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول سے آگاہ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں