چین: کورونا وائرس سے 25 افراد ہلاک، 830 متاثر

فائل فوٹو


بیجنگ: چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر25 ہوگئی ہے جب کہ 830 افراد متاثر بھی ہوئے ہیں۔

کوروناوائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر ووہان کے قریب 7شہروں میں ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے جب کہ شہریوں کو جھیلوں، دریاؤں اور نہروں پر جانے سے روک دیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے اسے ہنگامی صورتحال قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اس وائرس کے پھیلاؤ پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور اس کے متعلق کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔

چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق 830 واقعات کی اب تک تصدیق ہوچکی ہے اور جمعرات تک 25 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ زیادہ تر متاثرین وسطی چین کے شہر ووہان میں ہیں جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ وائرس پچھلے سال کے آخر میں پیدا ہوا تھا۔

اس وباء پر قابو پانے کے لئے ایک کروڑ دس لاکھ آبادی والے شہر ووہان کی حکومت نے لوگوں کے شہر سے باہر جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ ہوائی پروازوں اور ٹرانسپورٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہر سے باہر نہ نکلیں جب کہ قریبی شہر میں بھی اس قسم کے اقدامات کیے گئے ہیں جو تقریباََ 70 لاکھ افراد پر مشتمل ہے تاہم تجارتی قافلوں پر پابندی نہیں لگائی گئی۔

جاپان، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا اورامریکہ میں بھی کورونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں۔ جاپانی حکام نے ایک کیس کی تصدیق کی ہے۔

یہ وائرس کتنا خطرناک ہے اور لوگوں میں کتنی آسانی سے پھیل جاتا ہے اس بارے میں فی الحال کوئی معلومات نہیں اور نہ اس وائرس کی کوئی ویکسین ہے۔ اس کی علامات میں بخار، سانس لینے میں مشکل اور کھانسی شامل ہیں۔

 


متعلقہ خبریں