ملک کی نصف سنچری، پاکستان کا بنگلہ دیش کیخلاف فاتحانہ آغاز


لاہور: آل راؤنڈر شعیب ملک کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 71 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

مزید پڑھیں: ’بال پکر’ کے طور پر آیا تھا اور آج ٹیم کا کپتان ہوں، بابر اعظم

تمیم نے 39 اور نعیم نے 43 کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سےحارث رؤف،  شاہین شاہ ، شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا۔ کپتان بابر اعظم اننگز کی دوسری گیند پر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 35 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد حفیظ 17 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستانی ٹیم ایک سلو وکٹ پر اس موقع پر دباؤ کا شکار تھی تاہم شعیب ملک اور احسان علی کے درمیان شراکت نے پاکستان کی پوزیشن مضبوط بنادی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی

ڈیبیو کررہے احسان علی نے 32 گیندوں پر 36 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم غلط شاٹ ماکر آؤٹ ہوگئے۔ افتخار احمد 16 اور عماد وسیم 6 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

دوسرے اینڈ پر شعیب ملک چٹان کی طرح کھڑے رہے اور پاکستان کو جیت سے ہمکنار کروایا۔ انہوں نے 45 گیندوں پر 58 رنز اسکور کیے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے دو جبکہ مستفیض الرحمان، الامین حسین اور امین الاسلام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندار اننگز کھیلنے پر شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں