’عثمان بزدار کی نہیں، عمران خان کی ٹیم ہیں‘


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے ناراض گروپ کے سینئر رکن سردار شہاب نے نیا اعلان کیا ہے کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ٹیم نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہماری آج وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات ہے جس کے بعد بتائیں گے کہ کیا مطالبات ہیں۔

سردار شہاب نے کہا کہ میڈیا کا یہ کہنا غلط ہے کہ ہمارا گروپ عثمان بزدار نے بنوایا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی: ناراض اراکین نے حلف اٹھا کر سپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ بنا لیا

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ پی ٹی آئی ناراض گروپ دراصل بیورو کریسی سے اختیارات واپس لے کر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دلوانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ اختیارات بیوروکریسی کو منتقل کرنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔

ہم نیوز کو انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے اراکین پر مشتمل ناراض گروپ کی تشکیل خود وزیراعلیٰ پنجاب کی ایما پر کی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب سے تعلق رکھنے والے ناراض اراکین نے اپنے گروپ کو ’ سپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ‘ کا نام دیا ہے۔ ہم نیوز نے گزشتہ روز یہ خبر دی تھی۔ ابتدائی طور پر اس میں 20 اراکین پنجاب اسمبلی شامل ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’پنجاب کی عوام کو عثمان بزدار کی سادگی کی عادت نہیں‘

سپر میسی آف پارلیمنٹ گروپ کا پہلا باضابطہ اجلاس 23 جنوری کو طلب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع نے پہلے اجلاس کے حوالے سے بتایا تھا کہ اس میں پارٹی قیادت کی بے اعتنائی اور بیوروکریسی کے رویے پر بطور خاص غور و خوص کیا جائے گا۔

ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو یہ بھی بتایا تھا کہ سپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ میں شامل ہونے والے اراکین نے باقاعدہ کتاب مقدس پہ حلف بھی اٹھایا ہے۔ ذرائع کے مطابق گروپ میں شامل ہونے والے تمام اراکین نے ایک دوسرے کے ساتھ وفاداری نبھانے اور ہر قیمت پر ساتھ دینے کا بھی عہد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں