وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں انڈسٹریل اسٹیٹس و سپیشل اکنامک زونز کے قیام، سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت، صوبائی فنانس کمیشن اور وزیراعظم کے ”کامیاب نوجوان پروگرام“ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ترقیاتی سکیموں پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 22 جنوری تک 187 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ مختلف منصوبوں پر 107 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 42 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ انفراسٹرکچر فنڈ کی تجویز زیر غور ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 62 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 42 ارب روپے کے فنڈز ریلیز کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مختص فنڈز کو کسی دوسرے علاقے یا منصوبے کیلئے منتقل کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ محکموں کو واضح ہدایات دی ہیں کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جاری ہونے والے فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنایا جائے گا۔  صوبے میں صنعتی عمل کو تیز کرنے کیلئے 17 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ان مقامات کو ڈویلپ کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کا افتتاح مارچ میں ہوگا۔ صوبے میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ان زونز کے قیام سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لائیں گے۔ اس انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے تقریباً ساڑھے تین لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔  صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بھی انڈسٹریل اسٹیٹس کو ڈویلپ کیا جا رہا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ عبوری صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ 2017 فنکشنل ہے۔ پنجاب کابینہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت کمیشن کے قیام کی منظوری دے چکی ہے۔ یہ کمیشن جلد نوٹیفائی ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب میں مجموعی طور پر 455 لوکل گورنمنٹس وجود میں آئیں گی۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کیلئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت مقامی سطح پر سیوریج اور واٹر سپلائی کی غیرفعال سکیموں کو بحال کیا جائے گا۔ کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے ضروری مشینری خریدی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں کام ہوگا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کا آغاز اگلے ماہ ہوگا۔ دیہی سڑکوں تک رسائی کے پروگرام کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بھی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو ان کا جائز حق ہر صورت دیں گے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم کے ”کامیاب نوجوان پروگرام“ میں پنجاب لیڈ کرے گا۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے یہ انقلابی پروگرام ہے۔

وفاقی وزیر پلاننگ و ڈویلپمنٹ اسد عمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز محمد عثمان ڈار، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور پرنسپل سیکرٹری و زیراعلیٰ نےاجلاس میں شرکت کی۔


متعلقہ خبریں