صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران تعینات کرنے کی منظوری دیدی

فائل فوٹو


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نئے چیف الیکشن کمشنر سے حلف لیں گے اس کے لیے الیکشن کمیشن جلد سپریم کورٹ سے رابطہ کرے گا۔

سکندر سلطان راجہ کو حکومت اور اپوزیشن کی اتفاق رائے سے  پانچ سال کےلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

سکندر سلطان راجہ کا نام وزیراعظم کی طرف سے بھجوائے گئے تین ناموں میں شامل تھا۔ وہ  22 ویں گریڈ کے افسر کے طور پر وفاقی سیکرٹری کی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

سکندر سلطان اس سے پہلے ریلوے اور پٹرولیم کے سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں ۔ سکندر سلطان کے پاس چیف سیکریٹری آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا عہدہ بھی رہا ہے۔

وزیراعظم نے کمیشن ارکان کےلیے سندھ سے جسٹس ریٹائرڈ صادق بھٹی، جسٹس ریٹائرڈ نور الحق قریشی، عبدالجبار قریشی اور بلوچستان سے ڈاکٹر فیض کاکڑ، نوید جان بلوچ اور امان بلوچ کے نام تجویز کیے تھے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے  چیف الیکشن کمشنر کیلئے بذریعہ خط ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام بطور بھجوائے تھے۔

شہبازشریف نے سندھ سے جسٹس (ر) رسول میمن، نثار درانی، اورنگزیب حق اور بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی، رؤف عطا اور راحیلہ درانی کے نام الیکشن کمیشن کے ارکان کے لیے دیے تھے۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الیکشن کمیشن کے ارکان کیلئے سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں