کراچی: سال رواں کی سب سے بڑی ڈکیتی کا مقدمہ درج

کراچی: سال رواں کی سب سے بڑی ڈکیتی کا مقدمہ درج

کراچی: شہر قائد میں سال رواں کی سب سے بڑی ڈکیتی میں ڈاکوؤں نے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی، سونا اور پاکستانی نقدی اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ لی ہے۔ پولیس نے ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

لاہور میں رواں سال کی ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات

ہم نیوز کے مطبق  کرنل (ر) رمضان ملک کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے کہ 19 جنوری 2020 کو سات سے آٹھ ڈاکوؤں نے ان کے گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور کروڑوں روپے کی نقدی و زیورات لوٹ لیے۔

مدعی کرنل (ر) رمضان ملک نے تھانہ صدر کراچی میں درج کرائی جانے والی ایف آئی آر میں مؤقف اپنایا ہے کہ ڈاکوؤں نے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سونا، ایک کروڑ روپے کی غیر ملکی کرنسی اور 17 لاکھ روپے کی پاکستانی نقدی لوٹی ہے۔

تھانے میں درج کرائی جانے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ سات سے آٹھ ڈکیتوں پر مشتمل گروہ گھر میں دستانے پہن کر داخل ہوا تھا اور اس نے تقریباً ایک گھنٹے تک رہ کر واردات کی۔

چار منٹ میں دنیا کی مہنگی ترین ڈکیتی

ہم نیوز کے مطابق درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اہل خانہ کو ڈاکوؤں نے ہاتھ پیر باندھ کر ایک کمرے مین بند کردیا تھا۔ ڈاکوؤں نے اہل خانہ کے منہ پر بھی کپڑا لپیٹ دیا تھا۔

مدعی کے مطابق ڈاکوؤں کا گروہ ان کے صاحبزادے علی کے کمرے میں موجود پانچ لاکھ غیر ملکی کرنسی بھی ہمراہ لے گئے ہیں۔ درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کا گروہ کار میں سوار ہو کر آیا تھا۔

ہم نیوز کو تھانہ صدر کراچی کے تفتیشی افسرنے اس ضمن میں بتایا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے لیکن ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں