چین، امریکہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے پر متفق

چین، امریکہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے پر متفق

فائل فوٹو


اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کے اہم رکن چین اور امریکہ نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے پاکستانی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے رپورٹس شائع کی ہیں کہ آئندہ اجلاس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں امریکہ، چین، آسٹریلیا اور جاپان سمیت دیگر رکن ممالک نے پاکستان کے خلاف منفی رائے دینے سےانکار کردیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ایف اے ٹی ایف حکام کے درمیان بیجنگ میں چند روز قبل اہم اجلاس ہوا تھا جس میں اسلام آباد نے دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی تھی۔

پاکستانی وفد نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں اور ٹیرر فنانسنگ کے کیسز میں ملک بھر میں 1104 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیرر فنانسنگ کے حوالے سے کیس رجسٹریشن میں 451 فیصد اضافہ ہوا اور اس ضمن میں گرفتاریوں کی شرح بھی 677 فیصد بڑھ گئی ہے۔

ایف اے ٹی ایف حکام کو بتایا کہ ان کیسز میں سزائیں دینے کے عمل میں 403 فیصد اضافہ ہوا اور 31 کروڑ 42 لاکھ کی برآمدگی ہوئی ہے۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ دسمبر 2019 تک ٹیرر فنانسنگ کے 827 کیس رجسٹرڈ ہوئے۔

ان کیسز کے نتیجے میں ملک بھر سے 1104 گرفتاریاں ہوئیں اور 196 افراد کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔ پاکستان کی جوابی رپورٹ پر ایف اے ٹی ایف حکام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ایف اے ٹی ایف کا آئندہ اجلاس فروری میں پیرس میں ہوگا جس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں