ترکی میں زلزلے سے ہلاکتوں پر پاکستان کا اظہار افسوس

فائل فوٹو


اسلام آباد: ترکی میں 6.8 شدت کے زلزلے سے کم ازکم 20 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں جس پر حکومت پاکستان نے اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں بے شمار قیمتی جانوں کے ضیاع اور سینکڑوں شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات باعث رنج ہیں۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں اپنے ترک بھائیوں اور ترک حکومت کیساتھ ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان انکے ساتھ کھڑا ہے اور جو مدد بھی درکار ہو بہم پہنچانے کیلئے تیار ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ترکی میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا دستہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔

پاک فوج کے دستے میں خصوصی ریسکیو ریلیف اورمیڈیکل ٹیمیں شامل ہیں، ترکی میں زلزلہ متاثرین کی امداد کےلیے حکومت پاکستان نے پیشکش کررکھی ہے۔

خیال رہے کہ ترکی کے دارالحکومت انقرہ سے 550 کلومیٹر مشرق میں واقع صوبہ ایلازیع میں گزشتہ شب زلزلے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے جب کہ زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل ک دیا گیا۔


متعلقہ خبریں