’ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ نے حکومت کی کرپشن بے نقاب کردی‘


کندھ کوٹ: جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے پاکستان تحریک انصاف حکومت کی کرپشن بے نقاب کردی ہے۔

چاچڑ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کرپشن کا خاتمہ کرنے کی باتیں کرنے تک محدود ہے۔ سال 2020 تبدیلی اور پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کا سال ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کا حکومت سے الگ ہونا، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، پاکستان مسلم لیگ ق اور اختر مینگل کی حکومت سے ناراضگی سے واضح نظر آ رہا ہے کہ عام انتخابات اسی سال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی آزادی مارچ کے بعد ن لیگ اور پیپلزپارٹی قیادت کا جیلوں سے باہر آنے والی باتیں جو کر رہے ہیں وہ ان کی مرضی ہے۔ آزادی مارچ نے کسی کو تو آزادی دلائی ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مہنگائی غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ آٹے،  چینی اور ٹماٹر کے دام بڑھا کر غریب عوام پر ڈرون حملہ کر دیا گیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے حج پالیسی کو مہنگا کر کے غریبوں کے لیے حج کرنا بھی ناممکن بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی کس بات پر یقین کیا جائے، وہ ایک درباری سیاست دان ہیں، ہر حکومت میں وزارتِ لینے والوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں