مثبت تبدیلیوں کو ناکام بنانے کیلئے افراتفری کی باتیں کی جا رہی ہیں، عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا بین الاقوامی فورم سے خطاب

فوٹو: فائل


لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مثبت تبدیلیوں کو ناکام بنانے کیلئے ہر روز جان بوجھ کر افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پنجاب کے پارٹی اراکین سے ملاقات کی جبکہ اراکین نے اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش سماجی و ترقیاتی مسائل کے حل میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں سے آج ملاقات کا مقصد آپ کے متعلقہ حلقوں میں عوام الناس کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے مشکلات کا ادراک اور ان کے فوری حل کے لے ہدایات جاری کرنا ہے جبکہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے کوشاں رہیں۔ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر بدعنوانی کا خاتمہ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے۔ یہ وہی عناصر ہیں جو گزشتہ دہائیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ہر روز افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں تاکہ جو مثبت انتظامی تبدیلیاں ہم لے کر آ رہے ہیں ان کو ناکام بنایا جائے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم ہرگز دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی کریں گے۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا لیکن آج دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیووس میں جس طرح ہمیں پذیرائی ملی ہے اس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔ ڈیووس میں دنیا کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد شریک ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی آرمی چیف اشتعال انگیزی کر رہے ہیں، عمران خان

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب میں آٹے، گندم اور چینی بحران پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آٹے اور گندم کا کوئی بحران نہیں مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف پرائس کنٹرول کمیٹیوں نے فعال کردار ادا کیا۔ فلور ملوں اور مہنگے داموں فروخت کرنے والی چکیوں کو جرمانے کیے اور لائسنس معطل کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے صوبائی حکومت، خصوصی طور پر انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کے مابین ایک مربوط اور مؤثر مکینزم کی اہمیت پر زور دیا اور اس ضمن میں صوبائی حکومت کو ہدایات جاری کیں-


متعلقہ خبریں