عثمان بزدار نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں کاروبار کی فضاء انتہائی سازگار ہے اور کاروبار دوست حکومت کی پالیسیوں سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

یہ بات انہوں نے وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران کی سربراہی میں ینگ انٹرپینورز(نوجوان بزنس مینوں) سے ملاقات کے دوران کہی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری حکومت نے کاروبار کرنے کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں اور صنعت کاری اور سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل کو جلد نمٹایا جاتا ہے جبکہ اسے کسی جگہ بلاوجہ نہیں روکا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی سیکٹر کے فروغ کیلئے 10 خصوصی اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں جن میں سے چھ کی منظوری بھی ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کے قریب قائداعظم اپیرل پارک کا افتتاح مارچ میں ہوگا جبکہ صوبے میں چار ٹیکنیکل جامعات بنائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز میں صنعت کاروں کو انڈسٹری لگانے پر خصوصی مراعات دی جائیں گی اور نئے صنعتی زونز کے علاوہ پرانی انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی وسعت دی جائے گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو ہرممکن سہولتیں دیں گے جبکہ نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چند سال میں صوبے بھر میں 15 لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 5.5 ارب ڈالر قرض لیا

عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور-سیالکوٹ موٹر وے کو گوجرانوالہ کے ساتھ منسلک کرنے کا جائزہ لیں گے جبکہ فیروزپور روڈ پر لگی صنعتوں کو ریگولر کرنے کے حوالے سے قواعد و ضوابط کے مطابق اقدامات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیاں تیز کرنے کے عمل میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی، ہم صنعت کار دوست ماحول کو پروان چڑھائیں گے۔

عثمان بزدار کے مطابق نیا پاکستان ترقی کی طرف جا رہا ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پیدا ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دن رات عوام کو سہولتیں دینے کیلئے کام کررہے ہیں، نوجوان تاجر آگے بڑھیں اور پنجاب میں مزید سرمایہ کاری کریں۔

اس موقع پر نوجوان بزمین نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے مختصر عرصے میں زبردست کام کیا ہے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔


متعلقہ خبریں