کورونا وائرس: ووہان میں مقیم پاکستانی طلباء خیریت سے ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا ہے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے چین کے شہر ووہان میں مقیم 500 پاکستانی طلباء خیریت سے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک کسی پاکستانی طالب علم میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ چین میں پاکستان کے سفیر سے رابطے میں ہیں، پاکستانی سفارتخانہ طلبہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبا کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ کر دیا گیا ہے،انہیں صبر سے کام لیتے ہوئے ان ہدایات پر عملدرآمد کرنا ہو گا، ہم صورتحال کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب چین میں پاکستانی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے چینی محکمہ صحت کی ہدایات پرعمل کرنے کا کہا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے چین میں موجود پاکستانیوں کے اعدادوشمار بھی جاری کیے ہیں جس کے مطابق ہمسائے ملک میں تقریباً 28 ہزار پاکستانی طلبہ زیرتعلیم ہیں، 800 تاجر چین میں رہائش پذیر ہیں اور 1500 پاکستانی تاجر چین آتے جاتے ہیں، کوروناوائرس کا مرکز ووہان صوبے میں 500 کے قریب پاکستانی طلبا رہائش پذیرہیں۔

سب سے متاثرہ صوبے ووہان میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے مطابق فی الحال کسی پاکستانی میں اس وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں ابھی تک کوروناوائرس کا کوئی تصدیق شدہ مریض سامنے نہیں آیا۔

 


متعلقہ خبریں