وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، کراچی کے منصوبوں میں سست روی کا شکوہ

حکومت غریب افراد کو راشن فراہم کرے گی، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


کراچی: وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں بدانتظامی اور غیر یقینی صورتحال سے پیدا ہونے والے مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیر اعظم عمران خان خصوصی طیارے کے ذریعے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں ان کا استقبال گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا۔ وزیر اعظم فیصل بیس سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گورنر ہاؤس پہنچے۔

وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی اس دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو اپنے تحفظات اور کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بدانتظامی اور غیر یقینی صورتحال سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے بھی صوبے میں انتظامی مسائل کے تصدیق کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کی حمایت کی۔

وزیر اعظم سے تاجروں کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ بی ایم جی گروپ کے چیئرمین قاسم سراج تیلی اور صدر کراچی چیمبر آف کامرس بھی ملاقات میں شامل تھے جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کے 15 رکنی وفد نے وزیر اعظم سے علیحدہ ملاقات کی جن کی سربراہی عقیل کریم ڈھیڈی کر رہے تھے۔

ملاقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور فیول ایڈجسٹمینٹ چارجز پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جبکہ تاجروں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے مطلق شکایتوں کے انبار لگا دیے۔

وزیر اعظم عمران خان نے حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا سے بھی ملاقات کی جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مثبت تبدیلیوں کو ناکام بنانے کیلئے افراتفری کی باتیں کی جا رہی ہیں، عمران خان

ملاقات میں (گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سربراہ نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے شیڈول میں ناراض اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے ملاقات شامل نہیں تھی۔

ہم نیوز کے مطابق متحدہ قیادت کی جانب سے ملاقات کے لئے کوئی دعوت نامہ موصول نہ ہونے کی تصدیق بھی کی گئی تھی۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کی قیادت نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وزیر اعظم دورہ کراچی کے دوران بہادر آباد تشریف لائیں۔

مزید پڑھیں: عثمان بزدارہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے،وزیراعظم کادوٹوک اعلان


متعلقہ خبریں