ٹون سٹی شطرنج چیمپیئن شپ 2020 محمد علی نے جیت لی

ٹون سٹی شطرنج چیمپیئن شپ 2020 محمد علی نے جیت لی

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: گوجرانولہ سے تعلق رکھنے والے محمد علی نے قومی ٹون سٹی فیڈے ریٹڈ شطرنج چیمپئن شپ 2020 جیت لی ہے۔

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایشین امیچور چیمپیئن امین ملک نے دوسری پوزیشن حاصل کی جب کہ گوجرانوالہ کے اقبال خلجی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹورنامنٹ میں پنجاب، خیںرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے کھلاڑی شریک ہوئے۔ ملک بھر سے 100 سے زائد بچوں، خواتین اور مردوں نے شطرنج کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

شطرنج فیڈریشن آف پاکستان کے نائب صدرامین ملک نے کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور انعامات سے نوازا۔

ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں تمام بڑے کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور دسویں پوزیشن تک کے کھلاڑیوں کو نقد انعامات دیئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ کا انعقاد چیس فیڈریشن آف پاکستان کے لیے بڑی کامیابی ہے اور انہیں کھلاڑیوں سے پاکستان کی ٹیم بنے گی اور نمایاں پوزیشن حاصل کر ے والے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں متعارف کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شطرنج فیڈریشن کامیاب ٹورنامنٹ کرانے پر کھلاڑیوں کی شکر گزار ہے اور میں خود بھی گزشتہ تیس سال سے شطرنج کھیل رہا ہوں مگر اتنے بڑی پیمانے پر پذیرائی نہیں ملی۔

امین ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں شطرنج کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا خوشی ہوتی اگر یہ مقابلے حکومتی سرپرستی میں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ شطرنج فیڈریشن آف پاکستان اس کھیل کے فروغ کے لیے اپنی کاوش جاری رکھے گی۔


متعلقہ خبریں