وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پرکام شروع

وزیراعلیٰ پنجاب

فائل فوٹو


لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹانے کیلئے ن لیگ کے ارکان صوبائی اسمبلی کو پارٹی قیادت کی طرف سے گرین سگنل مل گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر ہوم ورک شروع کردیا تاہم شہباز شریف کی وطن واپسی پر حتمی فیصلہ ہوگا۔

اطلاعات ہیں کہ ملک میں سیاسی ماحول گرم ہوتے ہی شہبازشریف نے وطن واپسی کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہےاور امکان ہے کہ وہ 12 اور 15فروری کے درمیان پاکستان پہنچیں گے۔

شہبازشریف کی وطن واپسی پر پارٹی کا اہم اجلاس ہوگا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹانے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ اس اجلاس میں ہو گا۔

خیال رہے کہ پنجاب میں اقتدار کی رسہ کشی ان دنوں عروج پر ہے اور حکومت کی اتحادی جماعت ق لیگ بھی دبے لفظوں میں اپنے شکایات کا اظہار کرچکی ہے۔

وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب پر متعدد بار اپنے اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں تاہم سیاسی رسہ کشی میں عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل اور مشیرعون چوہدری کو اپنے عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں۔

ڈاکٹر شہبازگل نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ’ جس کو وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا چہرہ پسند نہیں وہ پارٹی چھوڑ دے‘۔ اس کانفرنس کے بعد وزیراعلیٰ کے متعلق پارٹی میں پائے جانے والے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے تھے۔


متعلقہ خبریں