کرونا وائرس، وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کر دیں

فوٹو: فائل


کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیر اعظم آفس سے متعلقہ وزارتوں کو جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وائرس کے خطرے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور وائرس کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

کرونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے اعلیٰ سطح کا بین الوزارتی اجلاس بلانے کی ہدایت کر دی گئی جو معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کی زیرصدارت منعقد ہو گا۔

اجلاس میں سیکرٹری خارجہ، نیشنل ہیلتھ سروسز، وزارت داخلہ ،وزارت ہوابازی اور صوبائی سیکرٹریز صحت شریک ہوں گے۔ چئیرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سمیت پاکستان آرمی اور دیگر سینئرافسران بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق کرونا وائرس کے اب تک 2 ہزار تصدیق شدہ کیسز دنیا بھر میں سامنے آ چکے ہیں اور کرونا وائرس کے پھیلانے کے خدشے کو خارج الزامکان نہیں قرار دیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں سندھ کو مسائل اور کرپشن سے پاک کرنا چاہتے ہیں، فردوس عاشق اعوان

مراسلے کے متن کے مطابق پاکستان میں چینی باشندے بڑی تعداد میں موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان سفر کرنے والے افراد کے پیش نظر بروقت اقدامات ضروری ہیں۔

مراسلے میں اجلاس کی سفارشات ایک ہفتے میں وزیرِ اعظم آفس کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں