پنجاب، بالائی علاقوں میں بارش کا امکان

بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ شب سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ آج بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہے گا۔ پنڈ دادن خان، بورے والا،منچن آباد اور خوشاب سے بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، چکوال، جہلم، گوجرنوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سرگودھا، ساہیوال اور بہاولنگر میں بھی بارش کا امکان ہے۔

لاہور میں گزشتہ شب مسلسل بونداباندی ہوتی رہی اور منگل کے روز بھی وقفہ وقفہ سے بارش جاری رہے گی۔ بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سرد اور خشک جبکہ کوئٹہ، قلات اور زیارت میں شدید سرد رہے گا۔

صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم کراچی میں سردی کی نئی لہر شروع ہوگئی ہے۔ سائبرین ہوائوں کے داخل ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آج بالائی خیبرپختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، چترال، دیر، مالاکنڈ اور سوات میں بارش جبکہ پہاڑوں علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں کل سے مطلع صاف ہو جائے گا تاہم آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہیں گی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، بالائی سندھ، شمالی بلوچستان، لسبیلہ، کالام اورڈی آئی خان میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کا درجہ حرات منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں