ریلوے کو منافع بخش بنانے کا حکم، بزنس پلان طلب

ریلوے کو منافع بخش بنانے کا حکم، بزنس پلان طلب

فائل فوٹو


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیرریلوے شیخ رشید کو حکم دیا ہے کہ اس محکمے کو منافع بخش بنانے کیلئے بزنس پلان  پیش کریں۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور شیخ رشید طلب کرنے پر عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے شیخ رشید سے استفسار کیا کہ 70 آدمی جلے آپ نے کیا کیا؟ آپ کوتواستعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔ وزیر ریلوے نے جواب دیا کہ اس پر انکوائری ہوئی ہے اور بڑے لوگ اس انکوائری میں آئے ہیں۔

بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ ہمارے پاس ابھی تک اٹھارویں صدی کی ریل چل رہی ہے، آپ کے پاس سگنل، پٹری اور انجن نہیں ہیں، کراچی سے پشاور تک ریلوے کی زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جی منسٹر صاحب، بتائیں آپ کیا کر رہے ہیں، آپ کا سارا کچا چٹھا ہمارے سامنے ہے، آپ کی انتظامیہ سے ریلوے نہیں چلے گی۔

بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ وفاقی وزیر شیخ رشید ادارے کو منافع بخش بنائیں اور کراچی سرکولر ریلوے کو چلانے کے لئے بھی اقدامات کریں۔عدالت نے حکم دیا کہ سرکولر ریلوے کی زمین کے لئے سندھ حکومت ریلوے کی مدد کرے۔

عدالت نے ریلوے کا پورا سسٹم کمپیوٹرائزڈ کرنے اور سرکلر ریلوے کا 6 کلو میٹر کا حصہ دو ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم۔ سرکولر ریلوے ٹریک سے بے گھر ہونے والوں کی بحالی بھی ریلوے کی ذمہ داری ہوگی۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ریلوے کو منافع بخش بنانے کیلئے بزنس پلان پیش کیا جائے اور اگر اس پلان پر عمل نہ کیا گیا تو توہین عدالت اور مجرمانہ کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے 12 فروری کو وزیر پلاننگ اور سیکرٹری پلاننگ کو بھی طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ایم ایل ون کا ٹینڈر جاری نہ کرنے پر وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونےکا حکم دیا ہے۔


متعلقہ خبریں