دہری شہریت رکھنے پر فیصل واوڈا کیخلاف درخواست دائر

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کیخلاف دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

وکیل میاں محمد فیصل نے ایڈووکیٹ جہانگیر خان جدون کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں وفاقی وزیر، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور سیکرٹری قانون وانصاف کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواستگزار نے مؤقف اپنایا کہ 2018الیکشن کے نامزدگی فارم جمع کراتے ہوئے فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے۔ الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا نے دہری شہریت نہ ہونے کا جھوٹا حلف نامہ جمع کرا کر بدد یانتی کی۔

متن میں درج ہے کہ نامزدگی فارم جمع کرانے کے بعد وفاقی وزیر نے امریکی شہریت چھوڑنے کے لیے اپلائی کیا۔ سپریم کورٹ واضع کر چکی کہ نامزدگی فارم جمع کراتے وقت دہری شہریت چھوڑنے کاسرٹیفکیٹ دینا ضروری ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واوڈا کو دہری شہریت رکھنے اور جھوٹا حلف نامہ دینے پر نااہل کیا جائے اور ان کی ممبرشپ فوری معطل کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ریکوری کی جائے۔

خیال رہے کہ فیصل واوڈا کیخلاف الیکشن کمیشن میں بھی ایک درخواست دائر ہے جس پر تین فروری کو سماعت ہوگی۔ وفاقی وزیرآبی وسائل کی نااہلی کے لیے امن ترقی کےچیئرمین فائق شاہ کی جانب سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کرایا، جعلی حلف نامہ جمع کرانے پرفیصل واوڈا کوآئین کی شق 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔


متعلقہ خبریں